کاروار ،24؍ اپریل (ایس او نیوز) قانون کے مطابق نیشنل ہائی ویز پر دو ٹول گیٹس کے درمیان 60 کلو میٹر کا فاصلہ رہنا ضروری ہے ۔ مگر عوام کی طرف سے کئی مقامات پر یہ شکایت سننے کو مل رہی تھی کہ 60 کلو میٹرسے کم فاصلہ کے اندر ہی دو دو ٹول گیٹس قائم کیے گئے ۔ اس کے خلاف احتجاجات بھی ہوتے رہے ہیں ۔
اس سلسلے میں محکمہ ٹرانسپورٹ اور نیشنل ہائی ویز کے وزیر نتین گڈکری نے بیان دیتے ہوئے کہا ہے 60 کلو میٹرس کے اندر واقع ٹول پلازہ کو ہٹا دیا جائے گا ۔ اس پس منظر میں نیشنل ہائی ویز اتھاریٹی آف انڈیا نے ایسے 181 ٹول پلازہ کی فہرست تیار کی ہے جو 60 کلو میٹر سے کم فاصلہ میں موجود ہیں ۔ اس فہرست میں ریاست کے 19 ٹول پلازہ ہیں جس میں شمالی کینرا کے ہولے گدّے اور اڈپی ضلع کے شیرور میں واقع دو ٹول پلازہ بھی شامل ہیں ۔ اب آنے والے دنوں میں ان ٹول پلازہ کو ہٹانا یا پھر ان کا مقام بدل دینا ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی کے لئے ضروری ہوجائے گا ۔
دلچسپ بات یہ سامنے آئی ہے کہ ریاست کے ساحلی علاقہ میں واقع سبھی ٹول پلازہ 60 کلو میٹر سے کم ہی فاصلے پر قائم کیے گئے ہیں ۔ شمالی کینرا میں موجود تینوں ٹول پلازہ کے درمیان 60 کلو میٹر سے کم فاصلہ ہے ۔ اب یہ دیکھنا ہوگا کہ ان میں سے کونسا پلازہ ہٹایا جائے گا ۔
دستیاب تفصیلات کے مطابق ساحلی علاقہ میں سورتکل اور ہیجماڈی ٹول ناکہ کے درمیان صرف 11 کلو میٹر ، تلپاڈی اور سورتکل کے درمیان 32 کلو میٹر ، ہیجماڈی اور گونڈیا کے درمیان 49 کلو میٹر ، ہولے گدّے اور بیلے کیری کے درمیان 49 کلو میٹر اورساستھان اور شیرور کے درمیان 59 کلو میٹر کا فاصلہ پایا جاتا ہے ۔